کراچی ،صدر میں محکمہ انسداد تجاوزات کی کارروائی میں سینکڑوں پتھارے، ٹھیلے اور دیگر تجاوزات صاف کردیئے گئے

پیر 21 مئی 2018 17:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) اتوار اور پیر کی درمیانی شب صدر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بڑا آپریشن ، محکمہ انسداد تجاوزات کی کارروائی میں سینکڑوں پتھارے، ٹھیلے اور دیگر تجاوزات صاف کردیئے گئے، سامان ضبط، تجاوزات کو آئندہ روکنے اور علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے 8 کیمپوں کا قیام، تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کی نگرانی میں ڈی ایم سی سائوتھ، رینجرز، پولیس اور کنٹونمنٹ بورڈ کے تعاون سے صدر میں مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں کی تعداد میں ٹھیلے، پتھارے، کیبن،گنے کے جوس کی مشین اور دیگر سامان ضبط کرلیااس موقع پر ڈپٹی کمشنر سائوتھ آصف جمیل، ایس ایس سائوتھ سرفراز احمد، کنٹونمنٹ بورڈ کے انجینئر عتیق، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بلدیہ عظمیٰ کراچی بشیر صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے، صدر کے علاقے میں مذکورہ کارروائی کے بعد علاقے کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگئی ، مذکورہ علاقوں میں آئندہ ہر قسم کے تجاوزات کو روکنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے مختلف مقامات پر 8 کیمپس قائم کردئیے گئے ہیں جن میں سے 3 کیمپس بلدیہ عظمیٰ کراچی ، 3 کیمپس ضلعی میونسپل کارپوریشن جنوبی جبکہ 2 کیمپ کنٹونمنٹ بورڈ نے لگائے ہیں جہاں محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے سمیت پولیس بھی موجود رہے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے صدر میں جن مقامات پر کیمپ لگائے ہیں ان میں پریڈی اسٹریٹ بالمقابل سرتاج ہوٹل،جہانگیر پارک کے سامنے دائود پوتا روڈ اوررینبو سینٹر کے نزدیک جبکہ ڈی ایم سی سائوتھ نے پشاوری آئسکریم کے سامنے پریڈی اسٹریٹ ، پارسی کمپائونڈکے قریب دائود پوتا روڈ ،نعمان سینٹر کے نزدیک اورکنٹونمنٹ بورڈ نے مے فیئرسینٹر دائود پوتا روڈ اورمینس فیلڈ اسٹریٹ پر باڑہ مارکیٹ کے قریب اپنے انسداد تجاوزات کیمپ قائم کئے ہیں جہاں 24 گھنٹے عملہ اور پولیس مختلف شفٹوں میں موجود رہے گی تاکہ مذکورہ علاقے کو تجاوزات سے صاف رکھا جائے، رات گئے ہونے والی اس کارروائی میں میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ڈی ایم سی سائوتھ اور کنٹونمنٹ بورڈ کے ذمہ داران کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کی از خودنگرانی کی اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر کا علاقہ انتہائی اہمیت کا حامل اور کراچی کا دل ہے جہاں سے شہر بھر میں جانے والی گاڑیاں اور ٹریفک بڑی تعداد میں گزرتا ہے لہٰذا یہ بہت ضروری ہے کہ اس علاقے کو تجاوزات سے پاک رکھا جائے اور ایسی حکمت عملی مرتب کی جائے کہ آئندہ یہاں تجاوزات قائم نہیں ہونے پائیں انہو ںنے کہا کہ واٹر کمیشن کے حکم پر تجاوزات کے خلاف یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جس کی مقصد علاقے کو تجاوزات سے پاک رکھنا اور شہر کو مرکزی چہرے کو خوبصورت بنانا ہے انہوںنے کہا کہ صدر میں لگنے والے ٹھیلے اور پتھاروں کے باعث ٹریفک جام کے مسائل بے انتہا پیداہوگئے ہیںیہ ٹھیلے اور پتھارے والے رات کے اوقات میں مختلف کمپائونڈ یا کھلے مقامات پر اپنے ٹھیلے اور پتھارے چھپا کر رکھتے تھے اور صبح ہوتے ہی انہیں سڑکوں پر لے آتے تھے انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف اس آپریشن میں جن اداروں نے بھی حصہ لیا ہے وہ ایک عزم کے ساتھ کام کررہے ہیں اور ہم سب کی یہ خواہش ہے کہ یہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہیں ہونے پائیں اس بات کو یقینی بنانے کے لئے صدر کے مختلف مقامات پر 8 کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں جہاں عملہ اور پولیس 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں موجود رہے گی تاکہ آئندہ یہاں تجاوزات کا قیام عمل میں نہ آئے انہوں نے کہا کہ تجاوزات اس شہر کا ناسور ہیں اور شہر کے امیج کو بری طرح متاثر کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بہتر حکمت عملی کے باعث اس بار کی جانے والی موثر کارروائی کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے جس کے بعد سڑک پر ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوگی اور فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کو سہولت میسر ہوگی،انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران علاقے کے دکانداروں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے فٹ پاتھ یا سڑک پر سامان رکھنے سے گریز کریں بصورت دیگر اسے فوراً اٹھالیا جائے گا اور نقصان کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ دکاندار پر عائد ہوگی۔