رافیل نڈال نے ریکارڈ آٹھویں مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز ٹائٹل جیت لیا

پیر 21 مئی 2018 17:09

روم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) شہرہ آفاق ہسپانوی سٹار رافیل نڈال نے ریکارڈ آٹھویں مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز ٹائٹل جیت لیا، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں حریف جرمن کھلاڑی الیگزینڈر زیوریف کو شکست دی، اس فتح کے ساتھ ہی نڈال نے عالمی درجہ بندی میں دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

(جاری ہے)

اٹلی میں منعقدہ ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں نڈال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیگزینڈر کو زبردست مقابلے کے بعد 6-1، 1-6 اور 6-3 سے ہرا کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، نڈال نے آٹھویں مرتبہ ٹائٹل جیت کر نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ نڈال کے کیریئر کا 78واں اے ٹی پی ٹائٹل ہے، اسطرح وہ زیادہ ٹائٹلز جیتنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے جان میک اینروئے کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا، جنہوں نے 77 اے ٹی پی ٹائٹلز جیت رکھے تھے، جمی کونرز 109 ٹائٹلز کے ساتھ سرفہرست ہیں، راجر فیڈرر 97 ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے اور ایون لینڈل 94 ٹائٹلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔