رمضان المبارک اطاعت و فرمابرداری کے اعلان پر ڈٹ جانے کا مہینہ ہے ،ذکر اللہ مجاہد

پیر 21 مئی 2018 17:10

لاہور۔21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ رمضان المبارک اطاعت و فرمابرداری کے اعلان پر ڈٹ جانے کا مہینہ ہے ، قرآن کریم اسی مہینہ میں نازل ہوا، قرآن اللہ تعالی کی حاکمیت کا تصور دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبار ک کے مقدس مہینہ میں اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے لیے اجر وثواب کی بارش کرتا ہے اس اجتماعی ماحول کی وجہ سے نیکی کرنا آسان اور برائی کرنا مشکل ہو جاتا ہے ، شیطان اور اس کے چیلوں کو اللہ کے مخلص بندوں کو بہکانے اور گمراہ کرنے کے لیے سازگار ماحول نہیں ملتا ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ روزہ کا اصل مقصد تقوی کا حصول ہے اللہ تعالیٰ کی حاکمیت کے تصور کو دین کے ہر شعبے میں غالب اور نافذ کرنا ہماری ذمہ داری اور اس احساس کو اجاگر کرنا ہے کہ اللہ دیکھا رہا ہے اور اسی کے تحت اپنی پوری زندگی کو ڈالنا روزے کا اصل مقصد ہے۔