مقبوضہ کشمیر: بھارتی پولیس نے مختار وازہ کو پارٹی کارکنوں سمیت اسلام آباد میں گرفتار کرلیا

پیر 21 مئی 2018 17:12

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جموںو کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ کو اسلام آباد قصبے میں اپنے کئی پارٹی کارکنوں سمیت اس وقت گرفتار کرلیاجب وہ ممتاز آزادی پسند رہنمائوں مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی اور شہداء حول کی برسیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عیدگاہ سرینگر کی طرف جارہے تھے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پیپلز لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مختار وازہ کو پارٹی ارکان کے ہمراہ صدر پولیس سٹیشن میں نظربند کیا گیاہے۔ انہوںنے عید گاہ مارچ کو جس کی کال مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی ،روکنے کے لیے قابض انتظامیہ کی طرف نافذ کی جانے والی سخت پابندیوں کی شدید مذمت کی اور اسے بد ترین ریاستی دہشت گردی قراردیا۔

(جاری ہے)

ادھرمختار احمد وازہ نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی ذرائع ابلاغ کی طرف سے حریت قیادت اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کے لیے مہم چلانا قابض حکمرانوںکی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت حریت قیادت کو بدنام کرنے پر تلی ہوئی ہے اور اس مقصد کے لیے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت حریت قیادت پر پابندی لگانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اسی لیے بھارتی ذرائع ابلاغ آزادی پسند قیادت کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ایک عوامی تحریک ہے اور حریت قیادت عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کرتی ہے۔