پاکستانی سائنسدان کیلئے بین الاقوامی اعزاز

پیر 21 مئی 2018 17:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کے نوجوان سائنسدان ڈاکٹر عبدالحمید کو جاپان کی اینڈوکرائن سوسائٹی کے 91 ویں سالانہ اجلاس میں غیر معمولی سائنسی کام پیش کرنے پر ایکسیلینٹ ایوارڈ دیا گیا ہے جو پاکستان کے لئے ایک قومی اعزاز کی بات ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عبدالحمید کو جاپان کی اینڈوکرائن سوسائٹی نے اپنے سالانہ اجلاس کے بین الاقوامی فورم میں سائسنی تقریر اور اپنی سائسنی تحقیق کا خلاصہ پیش کرنے کے لئے مدعو کیا تھا، اس اجلاس میں دنیا بھر کے ماہرین موجود تھے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالحمید نے اس پروگرام میں شرکت کے لئے ٹریول گرانٹ بھی حاصل کی تھی جبکہ اجلاس میں اپنے کام کی بنیاد پر بین الاقوامی ماہرین سے داد بھی وصول کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالحمید پی سی ایم ڈی جامعہ کراچی میں ڈاکٹر ایم حفیظ الرحمان کے تحقیقی گروپ سے منسلک ہیں، ان کی پی ایچ ڈی کی تحقیق بھی نئی انسولین سیکریٹوری کینڈی ڈیٹ مالیکولز کی دریافت پر مبنی ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان اور بین الاقوامی مرکز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے ڈاکٹر عبدالحمید کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

متعلقہ عنوان :