پاکستان آئندہ برس ساتویں ایشین ٹیم ایونٹ اور آٹھویں سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا

پیر 21 مئی 2018 17:40

پاکستان آئندہ برس ساتویں ایشین ٹیم ایونٹ اور آٹھویں سکس ریڈ سنوکر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) پاکستان آئندہ برس ساتویں ایشین ٹیم ایونٹ اور آٹھویں سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا، ایشین کنفڈریشن بلیئرڈ اینڈ سنوکر (اے سی بی ایس) نے اپنے سالانہ جنرل اجلاس میں پاکستان کو میگا ایونٹ کی میزبانی کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

پیر کو پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ای)کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق رواں ماہ ایران میں 34ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ کے دوران اے سی بی ایس کا سالانہ جنرل اجلاس منعقد ہوا جس میں پی بی ایس اے کے صدر منور حسین شیخ نے باضابطہ طور پر ایشین ٹیم ایونٹ اور سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی کیلئے بڈ جمع کرائی تھی جسے اے سی بی ایس نے منظور کر لیا ہے اور اے سی بی ایس نے پاکستان کو میگا ایونٹ کی میزبانی کی اجازت دے دی ہے۔

پی بی ایس اے حکام کا کہنا ہے کہ ایونٹ آئندہ سال اپریل میں کراچی میں منعقد ہو گا اور ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے جلد تیاریاں شروع کر دی جائیں گی۔