آزاد کشمیر بھر میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جائے گی ، تمام منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے،صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان

پیر مئی 17:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر بھر میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جائے گی اور تمام منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر بار ایسوسی ایشنز اور مختلف اضلاع کے پریس کلب کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو صدر ہائوس مظفرآباد میں ان سے ملاقات کی۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ مقبوضہ کشمیر کے دوران کشن گنگا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے افتتاح کی مذمت کی اور کہا کہ یہ سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حالت ابتر ہے جہاں بھارتی فوج نے قصبوں اور شہروں کو محاصرہ میں لیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد سے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں جن کے پیچھے دہلی کی حکومت ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے آزاد جموں و کشمیر کونسل میں اصلاحات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کو مالیاتی اور انتظامی اختیارات منتقل کرنے سے ریاستی مشینری مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں معاشی ترقی اور شہریوں کی فلاح کیلئے محصولات میں اضافہ اور اضافی وسائل پیدا کرنا ہمارے لئے ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر یونیورسٹی کے نیلم کیمپس کے قیام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس حوالہ سے وائس چانسلر ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور منصوبہ بندی کمیشن کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ اس مسئلہ کو حل کیا جائے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر نے مظفر آباد، میرپور، راولاکوٹ اور نیلم کی بار ایسوسی ایشنز، پریس کلب کے صدور اور یتیموں کیلئے آغوش فاؤنڈیشن کے پرنسپل میں چیک بھی تقسیم کئے۔