رمضان المبارک کی ٹرانسمیشن ، متعلقہ اینکرز کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری

فہد مصطفیٰ ، عامر لیاقت، ساحر لودھی کو عدالت طلب کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر مئی 17:22

رمضان المبارک کی ٹرانسمیشن ، متعلقہ اینکرز کو توہین عدالت کے نوٹسز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2018ء) : ماہ رمضان میں ٹی وی چینلز پر انعامی پروگرام چلانے کے معاملہ پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ اینکرز کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہ رمضان ٹرانسمیشن کے دوران ٹی وی چینلز پر انعامی پروگرام چلانے کے معاملے پر جسٹس شوکت صدیقی نے وقاص ملک کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر متعلقہ پروگرام اینکرز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے توہین عدالت کے مرتکب ہونے والے اینکرز کو 23 مئی کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینل مالکان کو بھی نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ ٹی وی چینلز پر انعامی پروگرام چلانے والے متعلقہ پروگرام اینکرز فہد مصطفیٰ ، ساحر لودھی ، عامر لیاقت اور نبیل ظفر کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے رمضان میں نیلام گھر اور دیگر پروگرامز نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔ گزشتہ ہفتے پاکستان الیکٹرانک میڈیاریگولیٹری اتھارٹی ((پیمرا)) نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے رٹ پٹیشن نمبر 4098/2013 سے متعلق مؤرخہ 9مئی 2018ء کے تحت جاری کردہ احکامات، جن کے تحت تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلزپر پانچ وقت اذان نشر کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا، کی خلاف ورزی پر 45 ٹی وی چینلز کو حتمی انتباہ جاری کیا اور عدالتِ عالیہ کے احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

بصورتِ دیگر تمام چینلز کو مطلع کیاگیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں مزید کسی تاخیر کے چینل کے لائسنس کی معطلی کیلئے کاروئی عمل میں لائی جائے گی۔ جن چینلز کو حتمی انتباہ جاری کیا گیا ںہیں ان میں اے آر وئی نیوز، جیو نیوز، ایکسپریس نیوز، سماء ٹی وی، اب تک، جاگ، نیوز ون، کیپیٹل ٹی وی،دن نیوز، نیوٹی وی، چینل 24، سچ ٹی وی، چینل ۵، بول نیوز، 7نیوز، K21، کوہِ نور ، خیبر نیوز، مشرق ٹی وی ، رائل ٹی وی، راوی ٹی وی ، ہم نیوز، کے ٹو، آکسیجن، جیو انٹرٹینمنٹ، ایکسپریس انٹرٹینمنٹ ، اے آر وئی ڈیجیٹل، ہم ٹی وی، آج انٹرٹینمنٹ، ٹی وی ون، ہم ستارے، اے پلس، فلمیزیا، ایچ ٹی وی، سی ٹی وی، اے آر وئی زندگی ، جیو کہانی، جلوہ، 8ایکس ایم، سٹار ایشیا، پلے انٹرٹینمنٹ ، اپنا، پشتو1، آواز اور ذائقہ شامل ہیں ۔