قانون ساز اسمبلی اجلاس‘ پینل آف چیئرمین کا اعلان‘مصطفیٰ بشیر عباسی، سید علی رضا بخاری اور ملک محمد نواز شامل

پیر 21 مئی 2018 17:59

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2018ء) پیر کے روز آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت کلام پاک و نعت شریف کے بعد سپیکر اسمبلی نے پینل آف چیئر مین کا اعلان کیا، جس کے تحت رواں بجٹ اجلاس میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کی غیر موجودگی میں ممبر اسمبلی مصطفیٰ بشیر عباسی، سید علی رضا بخاری اور ملک محمد نواز ایم ایل اے اجلاس کی صدارت کر سکیں گے۔

ممبر اسمبلی سرار عتیق احمد نے ایوان میں قرارداد پیش کرنا چاہی سپیکر اسمبلی نے کہا کہ قاعدہ 127پڑھ لیا جائے۔ بجٹ اجلاس کے موقع پر مزید کو قرارداد پیش نہیں ہو سکتی۔ اس اجلاس میں بجٹ کے علاوہ مالی مسودہ پیش ہو سکتا۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ مُلک سب کا ہے قواعد اور قانون کے مطابق چلیں تو وقار میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

میں قواعد سے ہٹ کر کوئی طریقہء کار اختیار نہیں کر سکتا۔

اسی کے ساتھ سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی کو نظر ثانی میزانیہ2017-18و تخمینہ میزانیہ 2018-19 کو معزز ایوان میں پیش کرنے کے لیے فلور دیا۔ اس موقع پر اپوزیشن تسلسل کے ساتھ احتجاج کرتی رہی جبکہ اپوزیشن ممبر سردار خالد ابراہیم خان نے کہا کہ وہ سابق وزیر اعظم کے خلاف ایوان میں غُداری کے نعرے نہیں لگا سکتے۔ وزیر خزانہ نے قواعد انضباط کار کا حوالہ دے کر کہا کہ قاعدہ227کے تحت بجٹ اجلاس مین دو دن کا وقفہ ہے میں تحریک پیش کرتا ہوں کہ وقفہ ایک دن رکھا جائے اور بُدھ کو دوبارہ اجلاس شروع ہو۔

اسی کے ساتھ سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے بُدھ کے روز صبح 10بجے تک اجلاس ملتوی کر دیا۔ بجٹ اجلاس کے موقع پر الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ بُدھ کے روز سے بجٹ پر عام بحث کا آغاز ہو جائے گا۔