پاکستان کیخلاف سیریز ،مارک ووڈ ریڈ بال سے دھاک بٹھانے کے خواہاں

پیر مئی 18:08

پاکستان کیخلاف سیریز ،مارک ووڈ ریڈ بال سے دھاک بٹھانے کے خواہاں
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2018ء) پاکستان کے خلاف سیریز میں مارک ووڈ ریڈ بال سے دھاک بٹھانے کے خواہاں ہیں۔مارک ووڈ کی خدمات آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز نے حاصل کی تھیں تاہم پہلے ہی میچ میں بغیر کوئی وکٹ لیے 49رنز کی پٹائی برداشت کرنے والے فاسٹ بولر کو پھر میدان میں نہیں اتارا گیا، وہ تقریبا ایک ماہ تک وہاں نیٹ میں ہی بولنگ کرتے رہے جس کے بعد انھیں انگلینڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ اینڈریو اسٹروس نے واپس بلاکر ڈرہم کی جانب سے کائونٹی کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کی، جہاں پر انھوں نے ڈربی شائر کے خلاف کیریئر بیسٹ 46رنز کے عوض 6وکٹوں کی پرفارمنس دی، اسی کارکردگی کی بنیاد پر انگلش سلیکٹر ایڈ اسمتھ نے اپنے پہلے ٹیسٹ اسکواڈ میں انھیں بھی شامل کرلیا۔

مارک ووڈ کے پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کیلئے میدان میں اترنے کا قوی امکان اور وہ خود بھی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی جگہ بنانے کیلئے پراعتماد ہیں، خاص طور پر ان کو اس بات کی بھی خوشی ہے کہ وہ فٹنس مسائل سے چھٹکارا پاچکے ہیں، وہ 2015 اور 2016 میں تین مرتبہ ٹخنے کی سرجری کے مرحلے سے گزرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

مارک ووڈ کا کہنا ہے کہ میرے 7ماہ انجری فری گزرے ہیں، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا، مجھے انگلینڈ کی جانب سے جس فارمیٹ میں بھی کھیلنے کا موقع ملے مجھے خوشی ہوتی ہے، چاہے وہ ٹوئنٹی 20ہو یا پھر ون ڈے کرکٹ میں بھرپور لطف اندوز ہوتا ہوں مگر میں ٹیسٹ کرکٹ میں جگہ مستحکم کرنا چاہتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے ریڈ بال کے ساتھ زیادہ وکٹیں لینے اور اپنی پرفارمنس میں مستقل مزاجی کی ضرورت ہے، مجھے سلیکٹرز اور کوچز پر بہت کچھ ثابت کرنے کی ضرورت ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں موقع ملنے پر اپنی پرفارمنس سے نہ صرف ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا بلکہ اپنی جگہ بھی مستحکم کروں گا۔

متعلقہ عنوان :