کراچی سمیت صوبہ سندھ کے متعدد علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں

پیر 21 مئی 2018 18:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) کراچی سمیت صوبہ سندھ کے متعدد علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ اضافی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 3 بجے تک درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

شہر میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا گیا اور شدید گرمی کی وجہ سے سڑکوں پر سناٹا رہا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی کی لہر مزید چند روز برقرار رہے گی جس کے پیش نظر پیر، منگل اور بدھ کو 'ہیٹ ویو' شدید ترین ہوگی۔شہری ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلاضرورت گھروں سے باہر نا نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔عوام شدید گرمی میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔