امتحانی قانون کی خلاف ورزی پر طالبعلم کو جرمانہ

پیر 21 مئی 2018 18:45

لاہور۔21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ لاہور کے کنٹرولر امتحانات پروفیسرمحمد ناصر جمیل نے انٹرمیڈیٹ امتحانات(پارٹ II) سالانہ 2018ء کے آخری روز گورنمنٹ کالج آف کامرس ہنزہ بلاک لاہور کے امتحانی مرکز پر اچانک چھاپہ کے دوران ایک طالب علم مبشر گل کو بورڈ قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے کی بنا پر موقع پر نقد جرمانہ کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے صوبہ پنجاب کے 9تعلیمی بورڈ ز کے کنٹرولر امتحانات کو انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے جوڈیشل سمری ٹرائل کے اختیارات دیئے گئے ہیںجس کے تحت کنٹرولر امتحانات نے فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مال پریکٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب طالب علم کو جرمانے کی سزا دی۔ لاہور بورڈ کے ترجمان کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ کے امتحانات سوموار کے روز اختتام پذیر ہوگئے ہیں، انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے امتحانات آج بروز منگل شروع ہونگے۔