چارسدہ ، ڈکیتی وارداتوں اور بد امنی کیخلاف تاجربرادری نے فاروق اعظم چوک پر غیر معینہ مدت تک احتجاجی کیمپ لگالیا

مظاہرین کی چوک میں ہی با جماعت نمازیں ادا کر سحری و افطاری کی، احتجاجی کیمپ دن رات جاری رکھنے کا اعلان

پیر 21 مئی 2018 20:06

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2018ء) چارسدہ میں ڈکیتی کی وارداتوں اور بد امنی کیخلاف فاروق اعظم چوک میں تاجر برادری نے غیر معینہ مدت تک احتجاجی کیمپ لگالیا ،مظاہرین نے فاروق اعظم چوک میں با جماعت نمازیں ،سحری و افطاری کی ، احتجاجی کیمپ دن رات جاری رکھنے کا اعلان ۔تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں بد امنی اور ڈکیتی کے مسلسل واقعات کے خلاف تاجر تنظیموں نے بلا آخر کار طبل جنگ بجا دیا، تاجر اتحاد اور متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن پر مشتمل ایکشن کمیٹی کی کال پر فاروق اعظم چوک میں شامیانے لگا کر غیر معینہ مدت تک محکمہ پولیس کے خلاف احتجاجی کیمپ لگا دیا گیا ۔

احتجاجی کیمپ میں شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے تاجر رہنمائوں لعل محمد لعل ، میاں رحم بادشا ہ اور دیگر نے ضلع بھر میں بد امنی کو پولیس کی ناکامی قرار دیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے دو مہینے پہلے تاجر رہنماء حکیم اللہ فوجی کے بیٹے سے 46لاکھ 30ہزار روپے چھننے میں ملوث ڈکیت گروہ کی عدم گرفتاری اور پولیس کی طرف سے منفی ہتھکنڈوں پر شدید تنقید کی ۔ مقررین نے کہا کہ دو مہینے گزر نے کے باوجود دن دہاڑے واردات ہوئی مگر پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی، تاجر تنظیموں نے چارسدہ پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کیا اور متعدد بار احتجاجی تحریک ملتوی کی مگر اب چونکہ پولیس کی طرف سے واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ وہ دن دہاڑے 46لاکھ روپے چھیننے والے ملزمان کو بے نقاب اور گرفتار کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے اس لئے تاجربرادری باہمی مشاورت کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوئی ۔

انہوں نے کہاکہ پولیس عوام کی جان و مال کی محافظ ہے مگر چارسدہ پولیس نے اپنی ناکامی کا بر ملا اظہار کیا جس کی وجہ سے احتجاج کے سوا ہمار ے پاس کوئی دوسرا راستہ موجو د ہی نہیں۔ فاروق اعظم چوک میں جاری احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے فاروق اعظم چوک میں باجماعت نمازیں ادا کئے جبکہ چوک میں سحری و افطاری بھی کی ۔

متعلقہ عنوان :