کوہاٹ پولیس کی کارروائی ،10خطرناک اشتہاریوں سمیت 58 افراد گرفتار،بھاری مقدار اسلحہ برآمد

پیر 21 مئی 2018 20:17

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2018ء) کوہاٹ پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب دس خطرناک اشتہاریوں سمیت 58مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔زیر حراست افراد سے ناجائز اسلحہ و منشیات کی بڑی کھیپ بھی ملی ہے۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر کوہاٹ شہر اور مضافاتی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر خصوصاً مطلوب اشتہاری گروہوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے جس میں پولیس نے رواں ہفتے سہ روزہ کاروائی میں اہم کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے تھانہ چھائونی ،سٹی ،استرزئی،جنگل خیل،کے ڈی اے،محمدریاض شہید،جرما،لاچی،گمبٹ ،شکردرہ اورتھانہ بلی ٹنگ پولیس نے علاقائی حدودسے سنگین وارداتوں میں مطلوب10 خطرناک اشتہاریوں سمیت 58 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاہے۔

(جاری ہے)

کاروائی میں زیر حراست افراد کے قبضے سے پولیس کو بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور منشیات بھی ملے ہیں جن میں 3کلاشنکوف، 1کلاکوف، 6شاٹ گن، 4رائفل، 13پستول، مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس، 5کلو گرام چرس اور 3 بوتل شراب شامل ہیں۔پولیس کے مطابق کاروائی میں گرفتار اشتہاری مجرموںاور مشتبہ افراد کو متعلقہ تھانوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسلحہ ومنشیات رکھنے کے جرم میں بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ زیر حراست اشتہاریوں کو پابند سلاسل کرکے مشتبہ افراد کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔