شہریوں کو معیاری و نمی سے پاک آٹا فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر

پیر 21 مئی 2018 20:22

چیچہ وطنی۔21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ساہیوال محمد فیصل شریف نے کہا ہے کہ شہریوں کو میعاری اورنمی سے پاک آٹا فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور فلورملز مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی پر آٹا مارکیٹ میں سپلائی کریں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے اس ضمن میں غیر اعلانیہ دورے اورفلورملز پر ذمہ دارسٹاف تعینات کیا ہوا ہے، انہوں نے یہ بات غلہ منڈی ڈسپنسری روڈ پر کریانہ سٹورز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کہی،ڈی ایف سی نے کریانہ سٹورزپر سستے آٹے کا سٹاک چیک کیا اوردکانداروں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں سفید بیگ میں آٹاکی فروخت پر مکمل پابند ی ہے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی، انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر ضلع کے تمام رمضان بازاروں اور تحصیلوں کی اوپن مارکیٹ میں مقررکردہ شاپس پر سستا آٹاوافر مقدار میں موجود ہے، رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 10کلو آٹے کا تھیلا 250اور20کلو 500روپے میں دیا جارہا ہے، نہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میںسینئرشہری اورخواتین کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیںجہاں بغیر قطار وانتظارآٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔