رمضان بازاروں میں معیار ی اشیاء خورونوش کی سستے داموں فراہمی ہرصورت یقینی بنائی جائے ، ملک ندیم کامران

اشیاء ضروریہ وافر مقدار میں رکھی جائیں ، عدم دستیابی یا کم ہونے پر ذمہ داران کیخلاف کارروائی ہوگی ڈپٹی کمشنرز ، ڈی پی او،چیئر مین ضلع کونسل اپنے علاقوں میں قائم رمضان بازاروں کے دورے کریں ،خریداروں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ، ٹریفک کابہائو متاثر نہیں ہوناچاہیے ،صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات وکنوینر رمضان پیکیج ملک ندیم کامران کا اجلاس سے خطاب

پیر 21 مئی 2018 20:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات وکنوینررمضان پیکیج 2018ء ملک ندیم کامران نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز ، ڈسٹرکٹ پولیس افسران ، چیئر مین ضلع کونسل کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کے رمضان بازاروں کے زیادہ سے زیادہ دورے کریں اوراشیاء خورونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے میںکوئی کسر نہ اٹھا رکھیں اور اشیاء ضروریہ کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا ۔

انہوں نے یہ بات آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں رمضان پیکیج 2018ء کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت اور ویڈیولنک کے ذریعے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز اورڈسٹرکٹ پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پرصوبہ بھر کے تمام متعلقہ سیکرٹریز بھی موجود تھے صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام افسران رمضان بازاروں کے دورہ کرتے وقت خریداری کیلئے آنے والے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی، فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک کے بہائوکی روانی کو کسی صورت متاثر نہ ہونے دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ افسر ان رمضان بازاروں میں سبزیوں ، فروٹ،آٹا اور چینی کی وافر مقدار میںموجودگی اور انکی مقررہ قیمتوں پر فروخت کا ترجیحی بنیادوں پرجائزہ لیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروںمیں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس اوپی کے مطابق انسپکشن کریں اور کسی بھی رمضان بازارکسی بھی فروٹ ،سبزی ، چینی یاآٹا نہ ہونے یا کم ہونے پر متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں ۔

متعلقہ عنوان :