جنوبی وزیرستا ، آپریشن راہ نجات کے دوران تباہ شدہ مکانات کے فیز فور کے منسوخ شدہ سروے کے خلاف قبائلیوں نے بھرپور تحریک چلانے کا اعلان

پیر 21 مئی 2018 21:02

جنوبی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہ نجات کے دوران تباہ شدہ مکانات کے فیز فور کے منسوخ ہونے والے سروے کے خلاف قبائلیوں نے بھرپور تحریک چلانے کا اعلان کردیا ۔کمشنر ڈیرہ اسمعیل خان نے فیز فور کا سروے کینسل کرکے قبائلی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے۔گورنر کے پی کے اور کور کمانڈر پشاور تباہ شدہ مکانات کے فیز فور کا سروے بحال کرکے غریب قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم پٹی کریں۔

ان خیالات کا اظہار جنوبی وزیرستان کے سرکردہ عمائدین ملک سیف الرحمن محسودملک رفیع الدین برکی ،ملک کرامت اللہ محسود اور دیگر عمائدین نے پولیٹیکل کمپاؤنڈ جنوبی وزیرستان ٹانک میں منعقدہ گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہناتھا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف اکتوبر 2009ء میں بڑے پیمانے پر پاک فوج نے اپریشن شروع کیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس اپریشن کی وجہ سے جنوبی وزیرستان کے محسود اور برکی قبائل کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا ۔قبائلیوں نے حکومت کا حکم مان کر علاقہ خالی کردیا ۔ان کا کہناتھا کہ جب اپریشن شروع کیا گیا تو جنوبی وزیرستان کے محسود اور برکی قبائل کے علاقوں کے تمام مکانات دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔پاک فوج نی8سال تک دہشت گردوں کے خلاف اپریشن جاری رکھا ۔

اپریشن مکمل کرنے کے بعد متاثرین کو اپنے اپنے علاقوں کو واپسی شروع ہوگئی۔تو حکومت نے ان متاثرین کے تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ دینے کے لئے سروے شرو ع کیا ۔سروے میں پاک فوج ،پولیٹیکل حکام ،محکمہ بلڈنگ کے انجنئیر کے علاوہ علاقے کے عمائدین بھی شامل تھے۔ان کا کہناتھاکہ حکومت نے تباہ شدہ مکانات کے لئے معاوضہ بہت تھوڑا رکھا ہے ۔جس کے تحت مکمل تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو چار لاکھ روپے اور جزوی تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو ایک لاکھ ساٹھ ہزار وپے معاوضہ دینے کے لئے فارم پر کئے جاتے تھے۔

ان کا کہناتھاکہ چار لاکھ روپے سے ایک مکان کی واش روم بھی تیار نہیں ہوسکتی ہے ۔حکومت نے مکمل تباہ شدہ مکان کے لئے صرف چار لاکھ روپے رکھے ہیں پھر بھی قبائلیوں نے کوئی احتجاج نہیں کیا ۔اور اس کو کافی سمجھا ۔ان کا کہناتھاکہ سروے کو فیز ون ،فیز ٹو اور فیز تھری اور فیز فور کا نام دیکر شروع کیاگیا تھا ۔فیز ون ،فیز ٹو اور فیز تھری بخیریت مکمل ہوگئے ۔

جبکہ فیز فور میں دو خاندانوں کے درمیان باہمی چپقلش اور سروے پر اعتراض کرکے پولیٹیکل ایجنٹ اور کمشنر ڈیرہ اسمعیل خان کو درخواست دے دئے گئے۔کمشنرڈیرہ اسمعیل خان نے تیز دہار کلہاڑی سے وار کرکے فیز فور کا تمام سروے کینسل کرنے کا حکم صادکر دیا ۔ قبائلی عمائدین کا کہناتھا کہ کمشنر کو فیز فور کاسارا سروے کینسل کرنے کی بجائے اس علاقے کا سروے کینسل کرنا چائیے تھا جس علاقے میں دو خاندانوں کے درمیان سروے پر لانجہ تھا ۔

قبائلی عمائدین نے گورنر صوبہ خیبرپختون خواہ اقبال ظفر جھگڑا ،کورکمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نزیراحمد بٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی وزیرستان کے تباہ شدہ مکانات کے کیسنل ہونے والے سروے کو بحال کردیں اور جن مکانات کے سروے مکمل ہوچکے ہیں ان کو رقم کی ادائیگی جلد از جلد کرانے کے لئے احکامات صادر کریں تاکہ لوگوں کو تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ مل کر ان رقم سے وہ اپنے مکانات کی از سرنو تعمیر کرسکیں