جاتی امرا کے جعلی سروے کرپشن لیگ کوبچا نہیں سکتے ، فرخ جاوید مون

عوام آئندہ الیکشن میں (ن)لیگ اورجاتی امراکی سپانسرڈ سروے رپورٹ کوہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے

پیر 21 مئی 2018 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) تحریک انصاف کے ممبرسینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی فرخ جاوید مون نے ’’یو این ڈی پی ‘‘کی سروے رپورٹ کو جاتی امرا کی سپانسرڈ اورمن گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شریف برادران کا یہ پرانا وطیرہ رہا ہے کہ جب وہ گورننس کے محاذ پر ناکام اور ایکسپوز ہوتے ہیں تو یہ من گھڑت سروے اور اعداد و شمار کا سہارا لیتے ہیں مگر عوام اب سادہ لوح نہیں وہ کرپشن لیگ کے کالے کرتوت اور بداعمالیوں سے اچھی طرح باخبر ہیں،(ن)لیگ کے سپانسرڈ سروے وینٹی لیٹرپرپڑی (ن)لیگ کی حکومت کو آکسیجن نہیں دے سکیں گے۔

(جاری ہے)

یواین ڈی پی کی سروے رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے فرخ جاوید مون نے کہا کہ نواز لیگ فرمائشی سروے کروانے کی عادی مجرم ہے، مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے اگرپنجاب میں کوئی کام کیا ہوتا توآج انہیں جعلی سروے رپورٹ کی ضرورت نہ پڑتی۔ شریف برادران اعتبار اور عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست کے فرعونوں کا سورج غروب ہونے والا ہے،عوام آئندہ الیکشن میں کرپٹ حکمرانوں کی گردنوں سے سریہ نکال دیں گے اور (ن)لیگ کوجعلی سروے کی رپورٹوں کیساتھ ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔