تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 30روزہ دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری

اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سبب حقیقی اسلامی تعلیمات سے بے خبری ہے : علامہ محمد لطیف مدنی

پیر 21 مئی 2018 21:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں سینکڑوں مقامات پر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے، لاہور میں 40سے زائد مقامات پر منہاج القرآن علماء کونسل اور نظامت دعوت و تربیت کے اسکالرز نے دروس عرفان القرآن دیئے۔ گلبرگ میں درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ملک اعجاز احمد اعوان نے کہا کہ قرآن مجید کو پڑھنا،سمجھنا اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہو کرہی ہم سچے مسلمان بن سکتے ہیں، قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق مضبوط کر کے ہی ہم کامیاب اور مطمئن زندگی گزار سکتے ہیں، ٹائون شپ میں علامہ محمد لطیف مدنی نے درس عرفان القرآن میں موجود سینکڑوں مرد و خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی وانتہاء پسندی کی لعنت کا بنیادی سبب حقیقی اسلامی تعلیمات سے بے خبری ہے،اسلام انسانیت کو سلامتی اور امن دینے والا مذہب ہے،رجوع الی القرآن تحریک منہاج القرآن کے اولین مقاصد میں سے ایک ہے،منہاج القرآن کی نظامت دعوت وتربیت کے اسکالرز پورے ملک میں فہم قرآن کے لیے جو خدمات انجام دے رہیں اس سے معاشرے میں مثبت قدروں کے فروغ میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

علامہ غلام ربانی تیمور نے کہا کہ قرآن حکیم کا معجزہ ختم نبوت کی دلیل اور اساس بھی ہے۔اب انسانیت کو کسی اور نبی کی ضرورت پیش نہیں آئے گی کیونکہ ہدایت کے لیے ان کے پاس آخری الہامی کتاب قرآن کریم موجود ہے جو رسالت محمدی ﷺکی جامعیت کا کاملیت کی علامت ہے۔علامہ وقاص علی قادری،علامہ عبد الحی اعوان،علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی ودیگر علماء نے بھی مختلف مقامات پر درس عرفان القرآن کے اجتماعات سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :