وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر مملکت پیر امین الحسنات اور رکن قومی اسمبلی سید عاشق حسین کرمانی کی ملاقات

شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار، اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کے کامیاب آغاز پر مبارکباد نیازی زرداری بھائی بھائی بن چکے ہیں ، ان کا مطمع نظر عوام کی خدمت نہیں بلکہ کرسی ہی:شہبازشریف

پیر مئی 21:50

وزیراعلیٰ پنجاب  سے وزیر مملکت پیر امین الحسنات اور رکن قومی اسمبلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات اور رکن قومی اسمبلی سید عاشق حسین کرمانی نے ملاقات کی۔ پیر امین الحسنات اور سید عاشق حسین کرمانی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اورانہیں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے آزمائشی سروس کے کامیاب آغاز پر مبارکباد دی۔

پیر امین الحسنات نے کہا کہ آپ نے صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے انتھک محنت کی ہے۔ پنجاب کے عوام کے ساتھ دیگر صوبوں کے عوام بھی آپ کی غیر معمولی کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی سید عاشق حسین کرمانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب میں دیہی علاقوں میں بھی بے مثال ترقی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

دیہی سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ زرعی معیشت کیلئے گیم چینجر ثابت ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پنجاب کے عوام کی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھا ہے۔ صوبے کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں جبکہ سیاسی مخالفین نے اپنے صوبوں میں عوام کو نظرانداز کیا جس کا خمیازہ انہیں عام انتخابات میں بھگتنا پڑے گا۔ نیازی اور زرداری نے اپنے صوبوں میں عوام کے مسائل حل نہیں کئے۔

اللہ تعالیٰ کا بے پایاں فضل و کرم ہے کہ ہم نے صوبے کے عوام کے مسائل حل کرکے انہیں ان کا حق دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیازی اور زرداری بھائی بھائی بن چکے ہیں اور ان کا مطمع نظر عوام کی خدمت نہیں بلکہ کرسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں لوٹ مار کرنے والوں اور دھرنا دینے والوں کا عوام دھڑن تختہ کر دیں گے۔