گو جرانوالہ، ٹریفک حادثہ و چھتوں سے گر کر 2 بچوں سمیت3 افراد جاں بحق

پیر 21 مئی 2018 22:15

گوجرانوالہ۔21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) ٹریفک حادثات اور چھتوں سے گرنے کے واقعات کے دوران دو کمسن بچیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے ، تفصیلات کے مطابق اسد کالونی کی رہائشی چار سالہ سعدیہ اپنے گھر کی چھت پر کھیل رہی تھی کہ اس دوران پائوں پھسلنے کے باعث صحن میں گر کر شدید زخمی ہو گئی، اسی طرح کامونکی کے علاقہ حبیب پورہ کی تین سالہ مدیحہ بھی گھر کی چھت سے گر کر زخمی ہو گئی ، دونوں بچیوں کو ورثاء نے تشویشناک حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئیں ، دوسری جانب مرالی والہ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے چالیس سالہ نامعلوم شخص کو ٹکر مار دی جو موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا ، ٹریفک کے دیگر حادثات کا شکار ہونیوالوں میں ریاض، مبشر، معظم، نیامت، دلشاد، احسن، سہیل ،روبی، رضوانہ اور بینش شامل ہیں ۔