قومی اسمبلی ،ْ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فائرنگ سے شہید افراد اور امریکہ میں دہشتگرد کی فائرنگ سے جاں بحق طالبہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی

پیر مئی 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بچوں سمیت تین خواتین اور امریکہ میں دہشتگرد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

(جاری ہے)

پیر کو اجلاس کے آغاز پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیالکوٹ میں ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے تین خواتین بچوں سمیت شہید ہوئی ہیں اس کے علاوہ امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں دہشتگرد کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیقہ شیخ بھی شہید ہوئی ہیں، حالانکہ دہشتگردی کا الزام پاکستان پر لگایا جاتا ہے مگر اس امریکی دہشت گردی کے نتیجے میں پاکستانی طالبہ بھی جاں بحق ہوئی ہیں۔

سپیکر کے کہنے پر مولانا گوہر شاہ نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی۔ فاتحہ خوانی کے فوراً بعد خواجہ سہیل منصور نے کورم کی نشاندہی کی جس پر سپیکر نے اجلاس کچھ دیر کے لئے ملتوی کردیا۔ بعد ازاں اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو سپیکر نے گنتی کا حکم دیا۔ ارکان کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے پر سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) منگل کی صبح گیارہ بجے تک کے لئے ملتوی کردیا۔