کراچی،سانحہ بلدیہ کے لواحقین کو دی جانے والی جرمن کمپنی کی جانب سے 52کروڑ روپے کی رقم کو طویل المعیاد پینشن میں تبدیل کر نے کے اعلان پر جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے گہری تشویش کا اظہار

پیر 21 مئی 2018 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) سانحہ بلدیہ کے لواحقین کو دی جانے والی جرمن کمپنی کی جانب سے 52کروڑ روپے کی رقم کو طویل المعیاد پینشن میں تبدیل کر نے کے حوالے سے ناصر حسین شاہ وزیر محنت کے حالیہ اعلان پر جماعت اسلامی کراچی کی پبلک ایڈ کمیٹی کی جانب سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے اور اس کو سراسر ظلم و زیادتی قرار دیا گیا ہے ۔

اس بات کا اظہار پبلک ایڈ سیکریٹریٹ میں کمیٹی کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت پبلک ایڈ کمیٹی کے سربراہ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کی ۔اجلاس میں پبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری نجیب ایوبی ، سانحہ بلدیہ کمیٹی کے صدر صابر احمد اور دیگر ارکان نے شر کت کی ۔ ہنگامی اجلاس میں امداد کو پینشن میں تبدیل کر نے کا جائزہ لیا گیا اور پینشن کی رقم کو سراسر ناجائز قرار دیتے ہوئے متاثرین کو مکمل اور یک مشت ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

سانحہ بلدیہ کمیٹی کے صدر صابر احمد نے اجلاس کو آگاہ کیا ہے کہ EOBIکی پینشنبھی 2017دسمبر سے تاحال بند ہے اور اس کو اب تک بحال نہیں کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں سر براہ پبلک ایڈ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرین کو یک مشت ادائیگی کا حکم جاری کر یں ورنہ عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے ساتھ رقم کی تقسیم پر زیادتی کسی صورت میں بھی قبول نہیں کی جائے گی ۔#