نواز شریف کی ریاست سے وفاداری مشکوک ہو چکی ہے،صاحبزادہ حامد رضا

سابق نااہل وزیرعظم ذہنی مریض بن چکا ہے،کوئی محب وطن اور عزت دار آدمی ن لیگ کا ٹکٹ نہیں لے گا،چیئر مین سنی اتحاد کونسل

پیر 21 مئی 2018 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفی متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ریاست سے وفاداری مشکوک ہو چکی ہے۔ سابق نااہل وزیرعظم ذہنی مریض بن چکا ہے۔ کوئی محب وطن اور عزت دار آدمی ن لیگ کا ٹکٹ نہیں لے گا۔ عالم اسلام کے اتحاد کے بغیر فلسطینیوں اور کشمیریوں کی دادرسی ممکن نہیں۔

کشمیر و فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہونا افسوسناک ہے۔ ٹرمپ انٹرنیشنل یہودی لابی کا کھلونا بن کر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ نواز شریف کو اپنے کالے کرتوتوں کی سزا مل رہی ہے۔ عالمی حمایت نہ ملنے کی وجہ سے نواز شریف پر بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ طاری ہے۔

(جاری ہے)

ن لیگ کی نااہل حکومت نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا دیا ہے۔

ملک پچھلے ستر برسوں میں اتنا مقروض نہیں جتنا پچھلے پانچ سالوں کے دوران ہوا۔ نواز شریف ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بن کر چمڑی اور دمڑی بچانے کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے۔ شریف خاندان تیس سال سے جمہوریت کے لبادے میں کرپشن کر رہا ہے۔ بھارت ہمارے اندرونی حالات سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ نواز شریف اور ان کی بیٹی ملک میں انتشار اور فساد پھیلا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹاؤن شپ میں حاجی رانا شرافت علی قادری کے ڈیرے پر علماء و مشائخ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت کا جنونی وزیراعظم عالمی دہشت گرد ہے۔ بھارت نے پاکستان پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ عالمی امن کے لئے تصفیہ طلب تنازعات کا حل ضروری ہے۔ سعودی عالمی مسلم فوجی اتحاد نے فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سے نجات دلانے کے لئے کچھ نہیں کیا۔

قبلہ اوّل کی آذادی کے لئے مسلم ممالک متحد ہوں۔ خاک اور خون میں لتھڑا فلسطین عالم اسلام کی راہ دیکھ رہا ہے۔ ہماری حکومت بھارتی اشتعال انگیزی کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائے۔ بھارت ورکنگ باؤنڈری پر شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا کر عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سپریم کورٹ قرضے معاف کرانے والے افراد اور کمپنیوں سے ایک ایک پائی وصول کر کے قومی خزانے میں واپس لائے۔ کرنل سہیل عابد شہید کی قربانی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پاکستان دشمن عالمی طاقتوں کے وار سے بچنے کے لئے تمام آئینی اداروں کا ایک پیج پر ہونا ناگزیر ہے۔ فوج، عدلیہ اور نیب کی کردارکشی کرنا بھارت کو خوش کرنے کے مترادف ہے۔