ہیٹ اسٹروک سے روزے دار کس طرح محفوظ رہیں جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کی تجاویز

ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہنے کے لیے افطار کے بعد اور سحری میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں

پیر 21 مئی 2018 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) شہر قائد میں سورج گزشتہ دو روز سے آگ برسا رہا ہے اور محکمہ موسمیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ گرمی کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا جبکہ سمندری ہوائیں رکنے کے باعث ہیٹ اسٹروک کا بھی خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق ماہ صیام میں سورج کا پارہ چڑھنے کے بعد لوگ رمضان کی برکتوں کو سمیٹنے کے لیے روزہ رکھ رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ خیروعافیت کے ساتھ پورے ماہ میں برکتیں سمیٹیں۔

محکمہ موسمیات نے دو روز قبل خبردار کیا تھا کہ شہر میں گرمی کا راج آئندہ پانچ روز تک جاری رہے گا اور سمندری ہوائیں رک جائیں گی جس کے باعث شہر میں ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ہے۔طبی ماہرین روزے داروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں اور دھوپ کے وقت بنا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

(جاری ہے)

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں، کے الیکٹرک کو چاہیے کہ وہ زیادہ لوڈشیڈنگ نہ کرے کیونکہ گزشتہ برس بھی گرمی کی شدت اور بجلی کی عدم فراہمی سے کئی لوگ متاثر ہوئے تھے جن میں خواتین کی زیادہ تعداد تھی۔انہوں نے مشورہ دیا کہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہنے کے لیے افطار کے بعد اور سحری میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں تاہم اگر باحالتِ مجبوری دھوپ میں نکلنا پڑے تو چھتری کا استعمال ضرور کریں۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کی نشاندہی اور فوری طبی امداد کا طریقہ بھی بتایا جسے جاننے کے لیے ویڈیو دیکھیں۔ڈی جی میٹ عبدالرشید کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی وجہ سمندری ہوا کا رکنا ہے، جھلسا دینے والی گرمی کا سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے بالائی علاقوں میں میں ہوا کا کم دبا پیدا ہوگیا جس کے باعث سمندری ہوا بالکل بند ہوئی، کراچی میں شمال مغرب کی جانب سے ہواچل رہی ہے جو گرم اور خشک ہے، یہ سلسلہ 23 مئی تک جاری رہے گا اور سورج اسی طرح قہر ڈھائے گا تاہم آئندہ ہفتے سے موسم میں بہتری ہوگی اور بارشوں کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویوو الرٹ جاری کرتے ہوئے پانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیالیکٹرک، پی ڈی ایم اے اوردیگرادروں کو ایڈوائزری بھی جاری کردی۔