سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں اسلحے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا

سندھ میں ایک فرد کے 4 سے زائد اسلحہ رکھنے پر عائد پابندی ختم کر دی گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 21 مئی 2018 23:22

سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں اسلحے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی 2018ء) :سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں اسلحے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا۔ سندھ میں ایک فرد کے 4 سے زائد اسلحہ رکھنے پر عائد پابندی ختم کر دی گئی۔سندھ کابینہ نے اسلحہ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلی سندھ کی زیر صدارت ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیا کہ بعض نجی اسکولز گرمیوں کی تعطیلات میں بھاری فیس وصول کررہے ہیں،کابینہ نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے اسکولوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے اسلحہ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد اب کوئی بھی فرد جتنے چاہے لائسنس اور ہتھیار رکھ سکے گا۔

(جاری ہے)

اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کرانے میں دسمبر2018 تک توسیع کردی گئی ہے۔یوں سندھ میں ایک فرد کے 4 سے زائد اسلحہ رکھنے پر عائد پابندی ختم کر دی گئی۔اس کے علاوہ نگران حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلی کے لیے اپوزیشن لیڈر اور وزیراعلی کی تاحال ملاقات نہیں ہوئی ہے اور نگراں وزیر اعلی کے حوالے سے میڈیا میں جو نام لئے جارہے ہیں ان میں سے کوئی بھی مستند نام نہیں ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس حوالے سے جلد ہی معاملات طے پا جائیں گے اور نگران وزیر اعلیٰ کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔