موٹروے پولیس کی بروقت امدادی کاروائی نے نجی ٹی وی خیرپور کے کیمرا مین کی جان بچالی

پیر 21 مئی 2018 23:43

سکھر۔ 21مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) موٹروے پولیس کی بروقت امدادی کاروائی نے نجی ٹی وی خیرپور کے کیمرا مین کی جان بچالی، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق نیشنل ہائی وے شاہ حسین چوک خیرپور کے نزدیک نجی ٹی وی کے کیئمرامین کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر موٹر وے پولیس کے اہلکاروں نے موٹر سائیکل، ہیلمٹ اور ایک عدد ڈائری تحویل میں لیکر کیمرا مین کو خیرپور کے این آئی سی وی ڈی ہسپتال پہنچایا ، جان بچ جانے پر اہلخانہ نے موٹر وے پولیس سے اظہار تشکرکیا، دوران گشت موٹر وے پولیس کے افسران پیٹرول آفیسر فرید احمد شیخ اور پیٹرول آفیسر محمد فضل اللہ کو خیرپور بائی پاس شاہ حسین چوک کے نزدیک ایک موٹر سائیکل سوار زمین پر گرا ہوا دکھائی دیا، جس پر افسران نے فوری طور پر امدادی کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص جس کا نام توصیف احمد اور نجی ٹی وی خیرپور کا کیمرا مین بتایا گیا۔

(جاری ہے)

امدادی کاروائی کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص کو دل کی تکلیف ہے، جس کو فوری طور پر خیرپور کے این آئی سی وی ڈی ہسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بروقت ہسپتال پہنچنے سے مذکورہ شخص کی زندگی کو اللہ کے فضل سے بچالیا گیا ہے، جبکہ مزید علاج کے بعد بہتری کی صورت میں مریض کو گھر روانہ کردیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر موٹر وے پولیس سکھر سجاد حسین بھٹی نے موٹر وے پولیس افسران کو بروقت امدادی کاروائی کرنے پر شاباش دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں کی جان و مال کا تحفظ موٹر وے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔