صوبائی وزیر داخلہ سندہ سہیل انور سیال کے اعزاز میں افطار ڈنر کا انعقاد

پیر 21 مئی 2018 23:43

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) لاڑکانہ پولیس کی جانب سے صوبائی وزیر داخلہ سندہ سہیل انور سیال کے اعزاز میں ڈی آئی جی آفس میں افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ عبد اللہ شیخ، ایس ایس پی لاڑکانہ تنویر حسین، پانچوں اضلاع کے ایس ایس پیز، ڈی ایس پیز سمیت شہداء لاڑکانہ پولیس کے ورثاء نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہا کہ ذمہ داریاں سنبھالتے وقت سندہ پولیس بڑے مسائل کا شکار تھیں، بڑی کوششوں اور اللہ رب العزت کی مہربانی سے مسائل کا سامنہ کیا اور بڑی حد تک کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ سندہ پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے اور کمپیوٹرائزڈ کرنے کہ لئے بڑے فنڈز جاری کروائے بجٹ میں اضافہ کروایا۔

(جاری ہے)

مقابلوں کہ دوران شہید ہونے والے بہادر پولیس افسران کے معاوضے کہ لئے ایک کروڑ روپیے منظور کروائے۔ زخمی ہونے والے افسران و جوانوں کے بہتر علاج کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ اب زخمی پولیس افسران و جوان کا علاج ملک کے بڑی ہسپتالوں میں یقینی بنایا گیا ہے۔ پورے صوبے میں بہترین افسر تعینات کر کے امن وامان کی صورتحال کو پہلے سے بہت بہتر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ نئے تھانے منظور کروائے اور کافی تھانوں کی نئی بلڈنگس بنوائی جن کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے، ادارے کو نئی گاڑیاں دلوانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی یہ سب کامیابیاں آپ کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندہ پولیس کے فیملی کا ممبر رہا جس سے علیحدہ ہونے پر دکھ تو ضرور ہو رہا ہے پر خوشی اس بات کی ہے کہ ادارے کے لئے کافی کچھ کر کے جا رہا ہوں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے شہداء کے ورثا میں راشن تقسیم کیا جبکہ ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ اور ایس ایس پی تنویر حسین تنیو نے صوبائی وزیر داخلہ کو شیلڈ بھی پیش کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر کو بڑی تعداد میں اجرک اور ٹوپیاں پیش کی گئیں۔