امریکا نے وینزویلا کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگادیں

منگل مئی 10:20

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) امریکا نے وینزویلا کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگادیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کئے جس کے تحت وینزویلا سے تیل کی تمام ترسیلات بند کردی گئی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ آج کے حکم نامے سے بدعنوانی کا ایک اور راستہ بند ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حکم نامے سے وینزویلا کے بدعنوان عہدے دار مالی فوائد حاصل کرنے کیلئے قومی اثاثوں کو فروخت اور ان کے غلط استعمال کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نکولس مادورو کا دوسری بار منتخب ہونا، ملک کے آئینی حکم نامے پر حملہ اور وینزویلا کی جمہوری روایات سے متصادم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مادورو انتظامیہ آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کا راستہ اختیار نہیں کرتی، اسے عالمی برادری کی جانب سے تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔