حکومت پنجاب کا گندم‘ کماد‘کپاس‘چاول‘مکئی کی پیداوارمیں اضافہ کیلئے اقدامات کا آغاز

منگل 22 مئی 2018 10:40

قصور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) حکومت پنجاب نے صوبہ میں گندم‘ کماد‘کپاس‘چاول‘مکئی و دیگرفصلوںکی پیداوارمیں فی ایکڑزیادہ اضافہ کیلئے بھرپور اقدامات کا آغازکردیاہے جبکہ اس سلسلہ میں کروڑوں روپے کی لاگت سے محکمہ زراعت اور زرعی تحقیقاتی اداروں کے زیراہتمام خصوصی تحقیقی منصوبوں کا آغازبھی کیاجارہاہے تاکہ سبز زرعی انقلاب لاکر نہ صرف ملکی غذائی ضروریات کو پوراکیاجاسکے بلکہ اضافی زرعی پیداواربیرون ملک برآمد کرکے اس سے بھاری و قیمتی زرمبادلہ کا حصول بھی ممکن ہوسکے۔

اس ضمن میں مختلف شہروں میں چاولوں کی کاشت جدید منصوبے بھی فوری طورپر شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے جس سے دیگرفصلوں کی طرح نہ صرف چاول کی فی ایکڑ پیداوار میں غیرمعمولی اضافہ ہوگا بلکہ چاول کی کوالٹی بھی بہتر ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طورپر چاولوں کیلئے چند اضلاع میںیہ منصوبہ شروع کیاگیاہے جبکہ اس کے بہتر نتائج برآمد ہونے پر اسے صوبے کے چاول پیداکرنیوالے دیگر علاقوں میں پھیلا دیاجائیگا‘ پنجاب ملک بھرمیں چاول کی پیداوارکے لحاظ سے نمایاں مقام رکھتاہے اور اس کا پاکستان میں چاول کی پیداوارمیں 58فیصدسے زائد حصہ ہے ۔

ا نہوں نے بتایا کہ اسوقت پاکستان میں چاول کی فی ایکڑ پیداوار اوسطاً تین من ہے جو امریکہ‘چین اور مصرکی پیداوارکے مقابلے میں بہت ہی کم ہے۔