مولانا سید ہدایت الله شاہ متحدہ مجلس عمل ضلع مانسہرہ کے صدر اور انجینئر سید سجاد حسین شاہ جنرل سیکرٹری منتخب

منگل مئی 11:20

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے امیر سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت الله شاہ کو اتفاق رائے سے متحدہ مجلس عمل ضلع مانسہرہ کا صدر اور جماعت اسلامی کے امیر انجینئر سید سجاد حسین شاہ کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔ جمعیت علماء پاکستان کے مولانا عبدالستار قادری نائب صدر اور جماعت اہلحدیث کے مولانا ولی الرحمن نائب صدر اور اسلامی تحریک کے سید عابد حسین شاہ نائب صدر اور جماعت اسلامی کے ڈاکٹر طارق شیرازی نائب صدر، جمعیت علماء اسلام کے مولانا ناصر محمود ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور جمعیت علماء پاکستان کے حمزہ حفیظ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور جماعت اہل حدیث کے حق نواز ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور اسلامی تحریک کے سید ذوالفقار حسین شاہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام کے مولانا ڈاکٹر سعید عبدالله سیکرٹری اطلاعات اور جماعت اسلامی کے بختیار خان ناظم مالیات منتخب کر لئے گئے ہیں۔ متحدہ مجلس عمل صوبہ خیبر پختونخوا کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے ممبران مفتی کفایت الله، نورالحق، مولانا فضل الرحمن مدنی، کفایت حسین حیدری، علامہ اظہر محمود ہزاروی اور دیگر کی نگرانی میں مدرسہ امدادیہ ڈب نمبر2 میں انتخابی اجلاس منعقد ہوا جس میں پانچوں جماعتوں کے ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر 20 رکنی ضلعی سپریم کونسل تشکیل دی گئی۔ اجلاس سے صوبائی قائدین نے مفتی کفایت الله، نورالحق، مولانا فضل الرحمن مدنی، علامہ اظہر محمود ہزاروی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اور ملکی حالات کے پیش نظر اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت تھی، متحدہ مجلس عملک کے پلیٹ فارم سے مذہبی قوتوں کا اتحاد ملک کیلئے نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل محروم طبقات کیلئے ایک امید کی کرن ہے جو اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزم کو خاک میں ملا دے گی،ملکی نظریات کے تشخص کے تحفظ اور ان کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔