فنی خرابی کے باعث کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر سعودی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

طیارہ 151 افراد کو لے کر مدینہ سے ڈھاکہ جا رہا تھا، دوران سفر طیارے کے اگلے ٹائر میں فنّی خرابی پیدا ہو گئی،حکام

منگل 22 مئی 2018 11:50

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر سعودی عرب کی فضائی کمپنی کے ایک طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ یہ طیارہ 151 افراد کو لے کر مدینہ منورہ سے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ جا رہا تھا کہ دوران سفر طیارے کے اگلے ٹائر میں فنّی خرابی پیدا ہو گئی۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی فضائی کمپنی سعودیہ کے سرکاری ترجمان انجینئر عبدالرحمن الطیب نے کہاکہ ایئربس طیارے کی پرواز نمبر 3818 مدینہ منورہ سے ڈھاکہ جا رہی تھی کہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریبا آٹھ بجے طیارے کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی پیدا ہو گئی۔

اس کے نتیجے میں کپتان نے طیارے کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ واپس لے جانے کا فیصلہ کیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کا اگلا ٹائر نہیں کھل سکا۔

(جاری ہے)

متعدد کوششوں کے بعد آخرکار اگلے ٹائر کے کھلے بغیر ہی ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دوران رن وے پر تمام تر ضرورت اقدامات مکمل کر لیے گئے۔ طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی جس کے بعد 141 مسافروں اور عملے کے 10 ارکان کو طیارے سے اتار لیا گیا۔ اللہ کے فضل کے بعد کامیاب لینڈنگ میں طیارے کے کپتان کی اہلیت نے اہم کردار ادا کیا۔متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جن کی تکمیل پر مربوط رپورٹ جاری کی جائے گی۔