بھارتی فوجیوں کا طاقت کا وحشیانہ استعمال اور فائرنگ، چار لڑکیاں زخمی، ہسپتال منتقل

شوپیان میں بھارتی فوج کی طرف سے افطار پارٹی کے اہتمام کے خلاف لوگوں کا زبردست احتجاج

منگل 22 مئی 2018 12:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع شوپیان کے علاقے درد کالی پورہ میں بھارتی فوج کے زیر اہتمام افطار پارٹی کے خلاف لوگوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اس کا بائیکاٹ کیا اور بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کرکے چار لڑکیوں کو زخمی کردیا۔

مقامی لوگوں کے مطابق ضلع کے علاقے امام صاحب میں قائم بھارتی فوجی کیمپ کے اہلکار درد کالی پورہ میں افطار پارٹی کا اہتمام کرنے کیلئے آئے اور علاقے میں کھانے پینے کی اشیاء کے سٹال لگائے۔ لیکن لوگوں نے اسکے خلاف شدید احتجاج کیا اور فوجیوں کو وہاںسے چلے جانے کے لیے کہا۔ بھارتی فوجی اپنی ضد پراڑے رہے تو لوگوں نے کھانے پینے کے سٹال تہس نہس کردیے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوںنے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور ان پر براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 14سالہ اقصیٰ جان ،شوبی جان اوردو بہنیں شاکرہ اختر اور شافی جان شدید زخمی ہوئیں۔ زخمی لڑکیوں کو شوپیان اورکولگام کے ہسپتالوں میں داخل کیا گیاہے۔ مقامی لوگوںنے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے فوجیوں سے کہا تھا کہ وہ چلے جائیں اورعلاقے کا امن درہم برہم نہ کریں لیکن فوجی اہلکار وں نے ہٹ دھرمی دکھائی اور افطار پارٹی کے دوران لوگوں کی تصاویرلینا شروع کیاجس پر لوگوں نے احتجاج کیا۔