نگران وزیراعظم کے نام پر فیصلے کے لیے ملاقات بے نتیجہ ختم

ملاقات وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کے مابین ہوئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 مئی 2018 12:23

نگران وزیراعظم کے نام پر فیصلے کے لیے ملاقات بے نتیجہ ختم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مئی 2018ء) : نگران وزیراعظم کے نام کا حتمی فیصلہ کرنے کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کے مابین ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی۔ ملاقات میں آج بھی نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک دو روز میں دوبارہ ملاقات ہو گی جس میں ممکنہ طور پر نگران وزیر اعظم کے لیے کسی ایک نام پر اتفاق کر لیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہےکہ معاملہ پارلیمنٹ میں حل ہو۔

حکومت نے ابھی کسی نام پر اصرار نہیں کیا، وزیرا عظم نے پیپلز پارٹی اور حکومتی ناموں کو پسند کیا۔ یاد رہے کہ نگران وزیر اعظم کے لیے کسی ایک نام پر اتفاق کرنے کے لیے یہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی چھٹی ملاقات تھی جو بے نتیجہ رہی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن نے نگران وزیراعظم کے لیے تین نام تجویز کیے تھے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے تجویز کردہ ناموں میں جسٹس ر ناصرالملک ، تصدق جیلانی اور عشرت حسین کے نام شامل ہیں۔ حکومتی جماعت مسلم لیگ ن نے آئندہ نگران سیٹ اپ کے لیے اپنے نام وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پیش کیے۔ذرائع مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمارے تینوں نام میرٹ پرپورا اترتے ہیں۔ نگران وزیراعظم کے لیے جن ناموں کا انتخاب کیا گیا یہ تینوں شخصیات نیک نامی اور اچھی شہرت کی حامل ہیں۔

ان تمام شخصیات نے اپنے عہدوں پربڑی ایمانداری کے ساتھ فرائض سرانجام دیے ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی نگران وزیراعظم کیلئے جو نام اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو پیش کیے ہیں ان ناموں میں تصدق جیلانی اور عشرت حسین کے نام شامل ہیں ۔ اس طرح مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے ناموں میں دو نام تصدق جیلانی اور عشرت حسین ایسے ہیں جن پرمسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں اتفاق ممکن ہے۔ اس کے برعکس گذشتہ روز پیپلزپارٹی نے ذکا اشرف اور جلیل عباس جیلانی کو نگران وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدوار نامزد کیا تھا۔