پرسٹن یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام پرسوں پاکستان بین الجامعاتی بزنس پلان مقابلوں کا انعقاد سرکاری اور نجی شعبے کی جامعات کے طلبہ نے بڑی تعداد میں حصہ لیا

منگل 22 مئی 2018 12:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) پرسٹن یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام کل پاکستان بین الجامعاتی بزنس پلان مقابلوں(پی ای سی 18 ) کا انعقاد ہوا جس میں ملک بھر سے سرکاری اور نجی شعبے کی جامعات کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں حصہ لیا ۔بزنس پلان مقابلوں کا انعقاد پرسٹن یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی بڑی تقریبات میں ہوتا ہے جو گزشتہ کئی سال سے جاری ہیں ۔

اس سال منعقد ہونے والے بزنس پلان مقابلوں کا نعرہ ہے '' جہاں وہ چا ہیے مجھ کو کہ ہوا بھی ہو نوخیز'' ۔ مقابلے میں پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں سے 237 ٹیموں نے حصہ لیا اور ایک سخت مقابلے کے بعد31 ٹیموں کو فائنل مقابلے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔ پرسٹن انٹر پرینرل چیلنج مقابلوں کا مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرکے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا تھا جو کہ بڑی حد تک کامیاب رہا۔

(جاری ہے)

معروف تجارتی برانڈز کمپنیوں کے نمائندوں نے ان مقابلہ جات میں شرکت کی اور طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ کل پاکستان بین الجامعاتی بزنس پلان مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات گزشتہ روز پرسٹن یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں ، سپانسرز ، منصفین اور سٹریٹجک پارٹنرز میں انعامات تقسیم کیے۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ آج کا دور بزنس کا دور ہے اور اس میں وہی لوگ کامیاب ہوسکتے ہیں جو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے آئیڈیاز کو قابل عمل بناتے ہیں۔ انہوں نے پرسٹن یونیورستی کو بین الجامعاتی مقابلہ جات منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور توقع کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی آئندہ بھی طلبا ء و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔

نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یوایم ٹی ) لاہور کے طلباء کی ٹیم نے حاصل کی اور مبلغ ایک لاکھ روپے نقد انعام کے حقدار قرار پائے۔ پرسٹن یونیورسٹی اسلام آباد کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے 75 ہزار روپے انعام حاصل کیا جب کہ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ خضدار کے طلباء کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور مبلغ 50 ہزار روپے کیش ایوارڈ حاصل کیا۔ بزنس پلان مقابلوں کے انعقاد میں پرسٹن یونیورسٹی کو بہت سے اداروں اور سپانسرز کا تعاون حاصل رہا۔