نگران وزیراعظم کے معاملے پر خورشید شاہ نے وزیراعظم کو عجیب مشورہ دے دیا

وزیراعظم نے خورشید شاہ کا مشورہ ماننے سے انکار کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 مئی 2018 12:59

نگران وزیراعظم کے معاملے پر خورشید شاہ نے وزیراعظم کو عجیب مشورہ دے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مئی 2018ء) :نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی رﺅف کلاسرا نے کہا کہ یہ لوگ پہلے کہتے تھے کہ 15 مئی کو نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان کر دیا جائے لیکن یہ لوگ اعلان نہیں کریں گے، یہ لوگ آخری دن تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو مشورہ دیا تھا کہ آپ 29 مئی کو اسمبلیاں توڑ دیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وجہ پوچھی تو خورشید شاہ نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے کی صورت میں الیکشن کروانے کے لیے نوے دن ہوں گے، بصورت دیگر نگران وزیر اعظم اور نگران حکومت کو 60 دنوں میں الیکشن کروانا ہوں گے۔ رؤف کلاسرا نے بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خورشید شاہ کے اس مشورے کو مسترد کر دیا، انہوں نے کہا کہ اب یہ ڈرامے بازی چلتی رہے گی کہ ملاقات کرتے ہیں، نام فائنل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل نگران وزیراعظم کے نام کا حتمی فیصلہ کرنے کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کے مابین ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی۔ ملاقات میں آج بھی نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک دو روز میں دوبارہ ملاقات ہو گی جس میں ممکنہ طور پر نگران وزیر اعظم کے لیے کسی ایک نام پر اتفاق کر لیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہےکہ معاملہ پارلیمنٹ میں حل ہو۔

حکومت نے ابھی کسی نام پر اصرار نہیں کیا، وزیرا عظم نے پیپلز پارٹی اور حکومتی ناموں کو پسند کیا۔یاد رہے کہ نگران وزیر اعظم کے لیے کسی ایک نام پر اتفاق کرنے کے لیے یہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی چھٹی ملاقات تھی جو بے نتیجہ رہی۔