نواز شریف پر بھارت رقم منتقلی کا الزام ،ْ

قائمہ کمیٹی کا منگل کو ہونے والا اجلاس منسوخ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اجلاس میں پیش ہونے کی یقین دہانی کروائی تھی

منگل 22 مئی 2018 13:59

نواز شریف پر بھارت رقم منتقلی کا الزام ،ْ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا آج ہونے والا اجلاس کمیٹی چیئرمین چوہدری محمد اشرف کو ہارٹ اٹیک کے باعث منسوخ کردیا گیا۔قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اِن کیمرا اجلاس منگل کو دوپہر 2 بجے ہونا تھا، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف پر 4 ارب 90 کروڑ ڈالر کی رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت رقم منتقلی کے الزام کی وضاحت کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 16 مئی کو طلبی کے باوجود چیئرمین نیب قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے اور مصروفیات کی بنا پر معذرت کرتے ہوئے پیشی کیلئے مناسب وقت مانگا تھا، جسے کمیٹی نے قبول کرتے ہوئے انہیں 22 مئی کو دوبارہ طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 22 مئی کے اجلاس میں اپنی شرکت کی یقین دہانی کروائی تھی، تاہم اجلاس منسوخ کردیا گیا۔چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 8 مئی کو سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر بھارت بھیجنے کی میڈیا رپورٹ پر نوٹس لے کر جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا تاہم نیب کے اس نوٹس کے بعد عالمی بینک نے ترسیلات، امیگریشن رپورٹ اور منی لانڈرنگ الزامات پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی بینک کی ترسیلات اور امیگریشن رپورٹ 2016 سے متعلق خبریں غلط ہیں۔