عمران خان نے صوبہ خیبرپختونخوا کی حالت تورا بورا جیسی بنا دی، کیپٹن (ر) محمد صفدر

منگل مئی 14:19

عمران خان نے صوبہ خیبرپختونخوا کی حالت تورا بورا جیسی بنا دی، کیپٹن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان نے صوبہ خیبرپختونخوا کی حالت تورا بورا جیسی بنا دی، ان کو 2018ء کے عام انتخابات میں شکست نظر آرہی ہے لیکن عوام انہیں بھاگنے نہیں دے گی، نگران وزیراعظم کے لئے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف میثاق جمہوریت کی روح کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرنے جا رہی ہے، نگران وزیر اعظم کے لئے اپوزیشن لیڈر کے ساتھ مل کر میثاق جمہوریت کی روح کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سازشوں کا سامنا کیا، کبھی کنٹینر کبھی پاناما اس کے باوجود حکومت نے بجلی کے بحران پر قابو پایا اور ڈالر کو کنٹرول رکھا ۔

(جاری ہے)

کیپٹن صفدر نے کہاکہ نواز شریف قانون کے دائرے میں رہ کر عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2013 ء کے عام انتخابات میں صوبہ خیبر پختونخواکی حکومت بنانے کا موقع عمران خان کو دیا گیا جس کے نتیجہ میں عمران خان نے کے پی کے کو تورا بورا بنا دیا اب 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو شکست نظر آرہی ہے لیکن عوام انہیں بھاگنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہاکہ 2018 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) دوبارہ کامیاب ہو کر بھاری اکثریت میں آئے گی۔ مرحوم رجب علی خان بڑے کردار کے مالک تھے وہ چٹان کی طرح اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے رہے اور جو لوگ مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں انہیں نوشتہ دیوار پڑھ لینی چاہیے۔ لوگ ان کی ضمانتیں ضبط کرادیں گے۔