فرخ ندیم کی تصنیف ’’ فکشن، کلامیہ اور ثقافتی مکانیت ‘‘ کی تقریب رونمائی، جڑواں شہروں کے مصنفین ، اساتذہ ، دانشور ، محققین اور جامعہ کے عہدیدران نے شرکت کی

منگل مئی 14:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد شعبہ انگریزی کے لیکچرار فرخ ندیم کی تصنیف ’’ فکشن، کلامیہ اور ثقافتی مکانیت ‘‘ کی تقریب رونمائی جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی جس کا اہتمام یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی نے کیا تھا۔ تقریب رونمائی میں جڑواں شہروں کے مصنفین ، اساتذہ ، دانشور ، محققین اور جامعہ کے عہدیدران نے شرکت کی اور کتاب پر تبصرے پیش کئے۔

تقریب رونمائی میں کلیہ زبان و ادب کے ڈین ڈاکٹر منور اقبال گوندل نے کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے جامعہ کے اردو اور انگریزی شعبہ جات کے لئے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ اس کتاب کو اردو سے انگریزی میں ترجمہ کیا جانا چاہئے۔ شعبہ انگریزی خواتین کیمپس کی چیئرپرسن ڈاکٹر منزہ یعقوب کاکہنا تھا کہ تھیوری کے شعبہ کو آگے بڑھانے میں یہ کتاب اہم کردار ادا کرے گی جبکہ نقاد، شاعر اور مترجم رفاقت راضی نے مصنف کی محنت اور کتاب کی تکمیل کے مراحل پر گفتگو کی۔

(جاری ہے)

شعبہ انگریزی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد شیراز نے اپنے تبصرے میں کتاب کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی اور شعبہ کے لئے اسے ایک اعزاز قرار دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس کتاب نے فکشن و کلامیہ اور ثقافتی مکانیت کے ساتھ ساتھ ثقافت میں اقتصادی پہلو پر بھی بحث کی ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اردو تنقید کے ضمن میں بھی اسے ایک بیش قیمت اضافہ قرار دیا۔

شرکاء نے کتاب میں مصنف کی جانب سے فکشن اور ثقافتی مکانیت کو فی زمانہ پاکستان کلچر کے حساب سے دیکھنے پر بھی سراہا۔ تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرخ ندیم نے کتاب کی پزیرائی پر جملہ مقررین و شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کتاب کے حوالے سے اپنے تجربات اور مشاہدات بارے آگاہ کیا۔ رونمائی کی تقریب میں شعبہ اردو کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حمیرا اشفاق ، شعبہ انگریزی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عروسہ کنول اور شعبہ اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر کامران کاظمی نے بھی اظہار خیال کیا۔