سری لنکا میں طوفان بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے پانچ افراد ہلاک

ملک کے زیادہ تر حصوں میں سیلابی صورت حال ،شہریوںکو مٹی کے تودے اورآسمانی بجلی کے واقعات سے احتیاط کی ہدایت

منگل 22 مئی 2018 14:19

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) سری لنکا میں شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے کم ازکم 5 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زیادہ بے گھر ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قدرتی آفات میں مدد سے متعلق مرکز کے ترجمان پردیپ کوڈی پپیلی نے کہا کہ آسمانی بجلی گرنے سے تین افراد ہلاک ہو گئے جب کہ مٹی کے تودوں نے مزید دو افراد کی جان لی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ حادثات ملک کے مختلف حصوں میں ہوئے۔امدادی مرکز کا کہنا تھا کہ ایک ہزار سے زیادہ افراد کو 20 محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

امدادی کاموں کے لیے سینکڑوں فوجی تعینات کیے گئے ۔سرکاری عہدے داروں کا کہنا تھا کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں ملک کے زیادہ تر حصوں میں سیلابی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ملک میں شدید بارشوں کا سلسلہ اتوار سے شروع ہوا ہے، جس کے فوری بعد انتظامیہ نے پانچ اضلاع میں یہ وارننگ جاری کی کہ وہ مٹی کے تودے پھسلنے اور گرنے کے واقعات سے چوکس رہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ طوفان بادوباراں اور تیز ہوا کے جھکڑوں کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ بیان میں لوگوں سے کہا گیا کہ وہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات سے محتاط رہیں۔

متعلقہ عنوان :