سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی سرحد پر ہنگامی صورتحال

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سرحدی چیک پوائنٹ پر لگی آگ پر قابو پا لیا، ابوظہبی کی ایمر جنسی اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ٹیم نے سعودی حکام کو گودام میں لگی آگ پر قابو پانے میں مدد دی

منگل 22 مئی 2018 14:19

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی سرحد پر ہنگامی صورتحال
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی امدادی ٹیموں نے سرحد پر واقع البطحاء چیک پوائنٹ پر لگی آگ پر قابو پا لیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اس چیک پوائنٹ پر سعودی عرب کے ایک گودام میں مقامی وقت کے مطابق اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی اور اس نے بہت جلد تمام گودام اور اس نزدیک کھڑی گاڑیوں ، کاروں اور ٹرکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ کے شعلے اور سیاہ دھویں کے بادل آسمان کی جانب بلند ہونے لگے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق سرحدی چوکی کے نزدیک بہت سا آتش گیر مواد بیٹریاں ، کپڑے اور پینٹ وغیرہ موجود تھا ، اس کو فوری طور پر وہاں سے ہٹا دیا گیا اور وہاں موجود لوگوں کو بھی ایک محفوظ جگہ پر منتقل کردیا گیا ۔ابو ظبی کی ایمر جنسی اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ٹیم نے سعودی عرب کے حکام کو اس گودام میں لگی آگ پر قابو پانے میں مدد دی ہے۔ابو ظبی پولیس کے کمانڈر انچیف اور ایمر جنسی اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ٹیم کے چیئرمین میجر جنرل محمد خلفان الرمیثی نے آگ پر قابو پانے کے لیے اپنے کارکنان کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ اس ہنگامی صورت حال میں اپنے بھائیوں کی امداد کے لیے ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی جانچ بھی ہوئی ہے۔