ماہِ رمضان میں شارجہ میں بڑی ’سیل‘ کا اعلان کر دیا گیا

’رمضان نائٹس‘ کے تہوار میں خریداروں کو 80 فیصد تک رعایت دینے کا اعلان کر دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 22 مئی 2018 14:44

ماہِ رمضان میں شارجہ میں بڑی ’سیل‘ کا اعلان کر دیا گیا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مئی 2018ء) ماہِ رمضان میں شارجہ میں بڑی سیل کا اعلان کر دیا گیا۔خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق تین دہائیوں سے ’رمضان نائٹس‘ ایک اہم تہوار بن چکا ہے۔۔اور اب رمضان 2018ء کی تیاریوں کے سلسلے میں یہ ایونٹ ایکسپو سینٹر شارجہ میں منعقد ہوگا۔اس تہوار کا 29واں ایڈیشن 31 مئی سے 16جون تک ہو گا۔یہ تہوار 17 دنوں پر مشتمل ہو گا۔

رمضان نائٹس لوگوں کو اور یہاں آنے والے مسافروں کو شاپنگ کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔تا کہ وہ رمضان کی تیاری بھرپور طریقے سے کر سکیں۔رمضان نائٹس میں لوگ رمضان اور عید کی تیاری میں خریدے گئے سامان پر 80 فیصد تک رعایت حاصل کر سکتے ہیں۔شارجہ چیمبر آف کامرس اور صنعت کی طرف سے اس شارجہ رمضان فیسٹول کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

رمضان نائٹس کا تہوار وہ تمام چیزیں مہیا کرتا ہے جس سے لوگوں کو رمضان میں روزے رکھنے اور عید کی تیاری میں مدد ملے گی۔

کچھ مقبول مصنوعات پر بڑی رعایت دی جاتی ہے جس کی وجہ سے گاہکوں کی ایک بڑی تعداد اس تہوار میں آتی ہے۔اس تہوار میں گھریلو مصنوعات،کھانے پینے کی چیزوں کے علاوہ تفریحی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔ان تفریحی سرگرمیوں کی وجہ سے اس تہوار کی اہمیت اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔اور رمضان میں خریداری کرنے والے لوگوں کے لیے یہ مقام اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔

سی ای او ایکسپو سینٹر شارجہ سیف محمد علی مدفا کا کہنا ہے کہ یہ تہوار تین دہائیوں سے جاری ہے اور اب یہ بہت اہمیت اختیار کر چکا ہے۔اور اس طرح کا تہوار رمضان کے مہینے میں شارجہ میں ایک منفرد اضافہ ہے۔اور یہ صرف متحدہ عرب امارات تک ہی محدود نہیں ہے۔اس کے علاوہ اس تہوار میں ثقافتی پروگراموں،فوڈ کورٹ،کھیلوں اور ریلیوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔حالیہ مطالعے کے مطابق اس ماہِ رمضان میں ریٹیل سیلز میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔جب کہ 2016 میں تقریبا 253 بلین ڈالر کی فروخت کی گئی تھی،جو 2018 میں290 بلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔