قصور میں عدلیہ مخالف نعرے بازی اور ریلی نکالنے والے افراد کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی پر سماعت پرسوں تک ملتوی

منگل 22 مئی 2018 15:04

قصور میں عدلیہ مخالف نعرے بازی اور ریلی نکالنے والے افراد کیخلاف توہین ..
لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے قصور میں عدلیہ مخالف نعرے بازی اور ریلی نکالنے والے افراد کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی پر سماعت پرسوں 24 مئی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے کہا ہے کہ وکلاء ہمارے لئے قابل احترام ہیں، ادارے کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزاروں کے وکیل میاں ظفر اقبال نے بتایا کہ قصور میں اراکین اسمبلی نے عدلیہ مخالف ریلی نکال کر اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، ملزمان عدلیہ مخالف نعرے بازی کر کے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے جس کی وجہ سے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزم ایم این اے شیخ وسیم سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، دوملزمان ناصر خان اور جمیل خان نے عدالت سے تحریری طور پرمعافی مانگ لی، عدالت نے دونوں ملزمان کو معافی نامے کی عبارت میں موجود خامیاں دور کرنے کی ہدایت کر دی، عدالت نے ایم پی اے نعیم صفدر کی جانب سے رائے بشیر کے بطور وکیل پیش ہونے پر استفسار کیا کہ ایم پی اے کی جانب سے اور کتنے وکلاء نے پیش ہونا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ ملزم ایم پی اے کی طرف سے علی احمد کرد سمیت پہلے ہی 2 وکلاء پیش ہو رہے ۔عدالت نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ معاملے کو لٹکا دیگا تو یہ اس کی غلط فہمی ہے، ملزمان کے وکیل رائے بشیر نے عدالت سے واقعہ کی فوٹیج اور سی ڈی کی کاپی مانگ لی،عدالت نے کہا کہ آپ وہ فوٹیج دیکھ نہیں سکیں گے، عدالت نے کیس کی سماعت کل 24 مئی تک ملتوی کر دی۔