پاکستانی ثقافت کے فروغ سے دنیا کو اپنی عظمت کا معترف کیا جا سکتا ہے، کیپٹن (ر)عطا محمد خان

منگل 22 مئی 2018 15:04

لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) پاکستانی ثقافت کے فروغ سے دنیا کو اپنی عظمت کا معترف کیا جا سکتا ہے، ہم نے دنیا کے موجودہ حالات و حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا ٹھوس اور جامع ثقافتی پروگرام مرتب کیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ پک کے نام سے موسوم یہ پروگرام عالمی سطح پر پاکستان کا بیانیہ بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء کیپٹن(ر) عطا محمد خان نے لاہور آرٹس کونسل الحمراء کی طرف سے عالمی سطح پر پاکستان کے سوفٹ امیج کے فروغ کیلئے شروع کئے گئے پروگرام پِک کے تحت الحمراء کمیٹی روم میں تھاماسٹ یونیو رسٹی بنکاک کیساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کئے جانے کی تقریب سے کیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ادبی ، ثقافتی اور علمی دوستی کا فروغ ہے، اعلی سطح کی اس ملاقات میں پاکستان کی طر ف سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا کیپٹن عطا محمد خان جبکہ تھائی لینڈ ، بنکاک کی طرف سے تھاماسٹ یونیورسٹی کے نو رکنی وفد کے سربراہ جوکہ تھاماسٹ یونیورسٹی شعبہ آنتھروپولوجی آف میوزیم کے سربراہ بھی ہیں ، یوکٹی مُکدا ویجیترا نے ایم او یو پر دستخط کئے، یہ یادگاری تقریب پاکستانی ادب و ثقافت کے عالمی سطح پر ترویج و ترقی میں ایک اہم پیش رفت ہے ، جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور یہ پروگرام پاکستان کے اصل امیج کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں نہایت معاون ثابت ہوگا، کیپٹن عطا محمد خان نے اس موقع پر مزید کہا کہ لاہور آرٹس کونسل کے اس پروگرام (پِک) کو درجن بھرممالک تک پھیلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تھاماسٹ یونیورسٹی شعبہ آنتھروپولوجی آف میوزیم کے سربراہ یوکٹی مُکدا ویجیترا کو وفد سمیت لاہور آرٹس کونسل اور الحمراء کلچرل کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کر وایا گیا، وفد کو الحمراء میں ہونے والی بین الاقوامی ثقافتی پروگراموں کی جھلکیاں دکھائی گئی جنہیں وفد نے بہت سراہا، ان پروگراموں میں چالیس سے زائد ممالک کے سفارت کاروں نے حصہ لیا تھا، اس یادگاری تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر(ایڈمن) آفتاب احمد انصاری بھی موجود تھے۔