رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا رہا ہے ‘ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر

منگل 22 مئی 2018 16:33

رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو ہر قیمت ..
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا رہا ہے ‘اشیائے ضروریہ کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ،اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس رمضان بازاروں کیساتھ ساتھ عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں ،گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں ۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے گزشتہ روز کوٹ رادھاکشن ‘کھڈیاں ‘پتوکی اور پھولنگر سستے رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر کیا۔ پھولنگر سستے رمضان بازار دورہ کے موقع پر چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندرحیات خاں بھی انکے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی کوالٹی ‘معیار اور قیمتوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔

عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ‘سیکورٹی ‘صفائی ستھرائی اور پارکنگ کی سہولیات باہم پہنچائی گئی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں میں سبزیوں ‘پھلوں ‘آٹا اور چینی کی وافر مقدار میں موجودگی اور انکی مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو حکم دیا کہ وہ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹوں میں بھی باقاعدگی سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیں اور ناجائز منافع خوروں ‘ذخیرہ اندوزوں اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والے دوکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کریں ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان پیکج کا ثمر براہ راست عام آدمی تک پہنچایا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید افسران کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈائون مزید تیز کیا جائے ۔