ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد نذیر احمد کرد کی زیر صدارت اہم اجلاس ، رواں ماہ ہونیوالے کرائم کا جائزہ لیاگیا

منگل مئی 16:33

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد نذیر احمد کرد کے زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں ایس ایس پی نصیر آباد میر حسین احمد لہڑی ،ڈی ایس پی سٹی ڈیرہ مراد جمالی خاوند بخش کھوسہ ،ڈی ایس پی تمبو نصیب اللہ کھوسہ سمیت دیگر ایس ایچ اوز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں رواں ماہ میں ہونے والے کرائم کا مکمل جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد نذیر احمد کرد نے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں۔جرائم پیشہ افراد اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرکے جلد گرفتار کیا جائے۔ آئے روزشہر میں ہونے والے چوری اور ڈکیتی کے وارداتوں سے عوام میں جو بے چینی پیدا ہوئی ہے اسے جلد ختم کریں۔

(جاری ہے)

منشیات کے استعمال سے نئی نسل تباہی کی طرف جا رہی ہے۔شہر میں کسی بھی قسم کے منشیات کے اڈوں کی اجازت نہیں۔تمام تر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے منشیات کے اڈوں کو فوری طور پر بند کرکے رپورٹ پیش کریں۔کسی بھی تھانہ کے حدود میں ہونے والے کرائم کا ذمہ دار متعلقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی ہوں گے۔ عوام کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کریں گے۔