مساجد پر حملوں کی منصوبہ سازی کے الزام میں فرانسیسی شہری کو 6 سال قید

گرفتاری کے وقت گریگوری ایم کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا

منگل 22 مئی 2018 16:44

کیف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) یوکرائن کی ایک عدالت نے ایک فرانسیسی شہری کو مساجد پر حملوں کے منصوبہ سازی کے الزام میں 6 سال قید کی سزا سنادی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرائن کی سیکیورٹی فورسز نے گریگوری ایم نامی فرانسیسی شہری کو 2016 میں پولینڈ کی سرحد سے متصل علاقے سے گرفتار کیا تھا، گرفتاری کے وقت گریگوری ایم کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔

عدالت میں دوران سماعت کوکرائن کی خفیہ ا یجنسی ایس بی یو نے موقف اختیار کیا تھا کہ گریگوری کا تعلق انتہا پسند عیسائی نظریات کے حامل گروپ سے ہے اور وہ 2016 میں فرانس میں کھیلی گئی یورپی فٹ بال چمپئن شپ کے دوران مساجد اور یہودی عبادت گاہوں پر کم از کم 15 حملے کرنا چاہتا تھا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 6 سال قید کی سزا سنادی ہے۔