عدالتی احکامات کی خلاف ورزی،4 ٹی وی چینلزکو اظہاروجوہ کےنوٹسز

اسلام ہائیکورٹ نےماہ رمضان میں ٹی وی چینلزکوغیرملکی بالخصوص”انڈین“مواد نشرکرنےکی پابندی عائد کی تھی،جیو کہانی، فلمیزیا، اردو۔ون اورا یچ ٹی وی نےخلاف ورزی کی اورانڈین ڈرامےنشرکئے۔ترجمان پیمرا

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ منگل مئی 16:15

عدالتی احکامات کی خلاف ورزی،4 ٹی وی چینلزکو اظہاروجوہ کےنوٹسز
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2018ء) : پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے رٹ پٹیشن نمبر 4098/2013 سے متعلق 9مئی 2018ء کے تحت جاری کردہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر چار ٹی وی چینلز کو غیر ملکی مواد نشر کرنے پر اظہار وجوہ کے نو ٹس جاری کر دیے ہیں۔ یاد رہے کہ اسلام ہائیکورٹ نے ماہ رمضان میں تمام ٹی وی چینلز کو غیر ملکی مواد بالخصوص ’’ انڈین‘‘ نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی تاہم جیو کہانی، فلمیزیا، اردو1- اورا یچ ٹی وی نے 19مئی 2018ء کو انڈین ڈرامے نشر کئے جس پر اتھارٹی نے مذکورہ چینلز کو اظہارِوجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے غیر ملکی (انڈین) مواد فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے ۔

مزید برآں! اتھارٹی نے مذکورہ بالا چینلز کوفوری طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے 25مئی 2018ء کو ہمراہ تحریری جواب ذاتی شنوائی کے لیے طلب کیا ہے۔

(جاری ہے)

بصورتِ دیگر پیمرا قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے اس سے قبل پیمرا نے اذان نشر نہ کرنے پر45 ٹی وی چینلز کو حتمی انتباہ جاری کیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رٹ پٹیشن نمبر 4098/2013 سے متعلق 9مئی 2018ء کے تحت جاری کردہ احکامات جن کے تحت تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلزپر پانچ وقت اذان نشر کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا کی خلاف ورزی پر 45 ٹی وی چینلز کو حتمی انتباہ جاری کرتے ہوئے عدالتِ عالیہ کے احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

بصورتِ دیگر تمام چینلز کو مطلع کیاگیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں مزیدکسی تاخیر کے چینل کے لائسنس کی معطلی کیلئے کاروئی عمل میں لائی جائے گی۔ جن چینلز کو حتمی انتباہ جاری کی گئیں ہیں ان میں اے آر وئی نیوز، جیو نیوز، ایکسپریس نیوز، سماء ٹی وی، اب تک، جاگ، نیوز ون، کیپیٹل ٹی وی،دن نیوز، نیوٹی وی، چینل 24، سچ ٹی وی، چینل ۵، بول نیوز، 7نیوز،کے 21، کوہِ نور ، خیبر نیوز، مشرق ٹی وی ، رائل ٹی وی، راوی ٹی وی ، ہم نیوز، کے ٹو، آکسیجن، جیو انٹرٹینمنٹ، ایکسپریس انٹرٹینمنٹ ، اے آر وئی ڈیجیٹل، ہم ٹی وی، آج انٹرٹینمنٹ، ٹی وی ون، ہم ستارے، اے پلس، فلمیزیا، ایچ ٹی وی، سی ٹی وی، اے آر وئی زندگی ، جیو کہانی، جلوہ، 8ایکس ایم، سٹار ایشیا، پلے انٹرٹینمنٹ ، اپنا، پشتو1، آواز اور ذائقہ شامل ہیں ۔

دریں اثناں اسلام آباد ہائیکورٹ کے مذکورہ فیصلہ کے تحت عدالتِ عالیہ نے ماہ رمضان میں تمام ٹی وی چینلز کو غیر ملکی مواد بالخصوص ’’ انڈین‘‘ نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی جس کے بر عکس ’’جیو کہانی اور فلمیزیا ‘‘ نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یکم رمضان کو انڈین ڈرامے نشر کئے جن پر پیمرا نے دونوں چینلز کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے غیر ملکی مواد فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

مزیدبرآں اتھارٹی نے اے آر وئی ڈیجیٹل ، ٹی وی ون اور بول نیوز پر عدالتی احکامات کے برخلاف لاٹری شوز دِکھانے پر اظہارِ وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے مذکورہ پروگرام فوری بند کرنے کا حکم دیا ہے ۔ اتھارٹی نے تمام چینلز کوفوری طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے 25مئی 2018ء کو ہمراہ جواب ذاتی شنوائی کے لیے طلب کیا ہے۔