ایس ایم ایس کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء یکم جون سے ہو گا

منگل 22 مئی 2018 17:30

ایس ایم ایس کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء یکم جون سے ہو گا
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید کے موقع پر شہریوں کی سہولت کے لیے پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے ا شتراک سے ایس ایم ایس شارٹ کوڈ (8877) کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے جویکم جون سے 14جون تک جاری رہے گا ۔بنک ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ عید الفطر کے موقع شہریوں کو نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء بذریعہ ایس ایم ایس کیا جا رہاہے جس کے لیے شہری 8877 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر ایک خالی جگہ اور اپنی منتخب برانچ کا کوڈ نمبر میسج کریں جس کے جواب میں شہری کو ٹرانزیکشن نمبر اور برانچ کا پتہ موصول ہوگا۔

شہری موصول ہونے والے ٹرانزیکشن نمبر کو متعلقہ بینک برانچ میں اپنے اصل شناختی کارڈ کے ساتھ پیش کرکے مطلوبہ نئے کرنسی نوٹس حاصل کر سکیں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ اس نظام کے تحت ہر صارف کو 10روپے کے تین پیکٹ جبکہ 50روپے اور 100 روپے کے نوٹ کا ایک ایک پیکٹ سٹاک کی دستیابی کے مطابق فراہم کئے جائیں گے۔ایس بی پی بینکنگ سروسز کے مطابق یہ سروس 132شہروں کی 1535کمرشل بنک برانچوں سے دوتیاب ہو سکے گی ۔

واضح رہے کہ مطلوبہ برانچ کا کوڈ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ویب سائٹ www.sbp.org.pk پاکستان بینک ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ www.pakistanbanks.org اور متعلقہ بینکوں کی ویب سائٹس پر دستیاب ہے۔ ایس ایم ایس کے چارجز موبائل کمپنی کے قوائد و ضوابط کے مطابق لاگو ہوں گے جو کہ 1.5روپے + ٹیکس ہیں جبکہ صارفین کو ایک شناختی کارڈ پر صرف ایک مرتبہ ہی نوٹ جاری کئے جائیں گے اور ایک سے زیادہ SMS کرنے پر مزید ٹرانزیکشن نہیں ہوگی اور صارف کو ایس ایم ایس چارجز کا نقصان بھی برداشت کرنا ہوگا۔

ایک موبائل نمبر سے ایک شناختی کارڈ نمبر ہی ایس ایم ایس کیا جاسکتا ہے، دوسرے شناختی کارڈ کے لئے دوسرے موبائل نمبر کا استعمال کرنا ہوگا بصورت دیگر ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں ہوگا اور صارف کو ایس ایم ایس چارجز کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑے گا۔