Live Updates

متعدد اے ٹی ایمز کا لنک ڈائون ،کیش کی عدم موجودگی کی شکایات

منگل 22 مئی 2018 17:35

متعدد اے ٹی ایمز کا لنک ڈائون ،کیش کی عدم موجودگی کی شکایات
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) بینک دولت پاکستان کی جانب سے بینکوں کو رمضان المبارک میں اے ٹی ایم میں کرنسی کے وافر سٹاک کی موجود گی کی ہدایات کے باوجود راولپنڈی کینٹ و شہر کے متعدد اے ٹی ایمز کا لنک ڈائون رہا جبکہ بعض نجی بنکوں کی اے ٹی ایمز میں بڑے کرنسی نوٹس کی عدم موجودگی کی شکایات بھی سامنے آئیں ۔اے پی پی کو حاصل دستاویزات کے مطابق بینک دولت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ماہ صیام کے آغاز سے عید الفطر تک اپنے اپنے بینکوں کی اے ٹی ایم برانچز میں نصب اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک موجود رکھیں،تاکہ اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرنے والے بینکوں کے کھاتے داران کوماہ صیام کے دوران عید الفطر تک رقم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ تمام بینکوں کو خراب اے ٹی ایم مشینیں فوری درست کروانے اور انہیں چالو حالت میں رکھنے کی ہدایت کی تھی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے راولپنڈی کینٹ و شہر کے بعض علاقوں سے صارفین نے اے پی پی کو بتایاکہ گذشتہ روز بھی لنک ڈائون اور کیش کی عدم موجودگی کی شکایات سامنے آئیں ۔دوسری جانب بعض صارفین نے یہ شکایت بھی کہ اے ٹی ایمز سے پرانے بوسیدہ نوٹ نکل رہے ہیں جبکہ اے ٹی ایمز میں نئے کرنسی نوٹ ہونے چاہیئں ۔صدر میں قومی بنک کی بنک روڈ برانچ میں بھی دوپہر کے وقت لنک ڈائون کی شکایت سامنے آئی تاھم عملے نے بتایاکہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے لنک ڈائون ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات